نئی دہلی: بھارت میں حجاب کے ساتھ امتحان دینے کی اجازت نہ ملنے پر طالبات نے امتحانات کا بائیکاٹ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک نے سرکاری اسکول میں انتظامیہ نے طالبات سے امتحان میں بیٹھنے سے قبل حجاب اتارنے کی ہدایت کی جس پر طالبات نے حجاب اتارنے کے بجائے امتحانات کا بائیکاٹ کرنے کو ترجیح دی۔
امتحانات کا بائیکاٹ کرنے والی طالبات نے کہا کہ اسکول پرنسپل اور انتظامیہ سے حجاب کے ساتھ امتحان دینے کی اجازت دینے کے لیے متعدد بار درخواست کی لیکن انہوں نے درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ اسکول میں داخل ہونے سے پہلے مجھ سے حجاب اتارنے کو کہا گیا جو میں نہیں کر سکتی، اس لیے میں نے امتحان میں شرکت نہ کرنے کو ترجیح دی۔
واضح رہے کہ بارتی ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے بعد ریاست کے مختلف شہروں میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ طالبات کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔
بھارت میں حجاب کے تنازع کو لے کر بند ہونے والے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے تاہم ابتدائی مراحل میں پرائمری اسکولوں کو کھولا گیا ہے۔ بھارتی ریاست کے مختلف علاقوں بنگلور، اوڈوپی اور دکشنا کناڈا میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں کے 200 میٹر تک 5 افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔