نیشنل پریس کلب (این پی سی) میں دو حریف گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران صحافی زخمی ہوگئے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حال میں این پی سی میں سالانہ انتخابات کروائے گئے تھے جس کے بعد (آزاد پینل ) نے اپنے حریف (جرنلسٹ پینل) پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن پر ریفرنڈم کا اعلان کیا ہے۔
آزاد پینل کے رہنما، اراکین اور کارکنان کلب کے باہر جمع ہوئے جبکہ فتح حاصل کرنے والے جرنلسٹ پینل کے اراکین کلب کے اندر کی موجود تھے۔
اس سلسلے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر پولیس تعینات کردی گئی تھی۔
دوپہر کے وقت دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس نے جھگڑے کو ہوا دی، واقعے میں متعدد صحافی زخمی بھی ہوئے جبکہ دیگر کو تنازعہ حل کرتے ہوئے دیکھاگیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر حملہ pic.twitter.com/xtjSW3ICuJ
— Abdul Qayyum Siddiqui (@QayyumReports) February 3, 2022
اس دوران جائے وقوع پر موجود پولیس افسران خاموش تماشائی بنا رہے، انہوں نے حالات پر قابو پانے کی کوشش بھی نہیں کی۔
بعدازاں واقعے کا علیحدہ مقدمہ کوہسار تھانے میں درج کرلیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار غیر جانبدار رہے کیونکہ اس سے قبل ان پر الیکشن میں ایک گروپ کی مدد کا الزام لگایا جاچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ ’اس مسئلے پر کوہسار پولیس اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایت اور احکامات کی منتظر ہے‘۔