کوئٹہ: (آئی این این) سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی مسجد میں دوران نماز قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خاران میں سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی پر دوران نماز عشاء مسجد میں فائرنگ کی گئی، شدید زخمی حالت میں ان کو سول ہسپتال خاران منتقل کیا گیا۔
ڈی آئی جی رخشاں ڈویژن کے مطابق سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
دوسری طرف ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جسٹس (ر) محمد نور مسکانزئی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔امن دشمنوں کے بزدلانہ حملے قوم کو مرعوب نہیں کر سکتے، شہید جسٹس (ر) محمد نور مسکانزئی ایک بہادر نڈر جج تھے۔