وفاق کا دہشتگردی کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے کے پی حکومت کی مدد کا فیصلہ

لاہور: (آئی این این) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق قائم سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کمیٹی اراکین خالد مقبول صدیقی، خالد حسین مگسی، محسن داوڑ، انجینئر امیر مقام، انجینئر شوکت اللہ خان، محمد صالح شاہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں دعوت کے باوجود کمیٹی ممبران پی ٹی آئی کے علی محمد خان اور بیرسٹر محمد علی سیف نے شرکت نہیں کی۔

اجلاس میں دہشت گردی واقعات کے مکمل کنٹرول کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، سٹیئرنگ کمیٹی نے خیبر پختونخوا بالخصوص سوات میں حالیہ دشت گردی واقعات کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رانا ثناء اللہ نے لکھا کہ آج میں نے سٹیئرنگ کمیٹی برائے امن کے اجلاس کی صدارت کی جہاں کے پی کے بالخصوص سوات میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کمیٹی نے دعوت کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے لکھا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت کی مدد کرنے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی حکومت کو وفاقی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے نام پر چھوٹی موٹی سیاست کرنے کے بجائے صوبے میں امن کو یقینی بنانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں