کراچی: (آئی این این) ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی، انٹر بینک میں مزید 3 روپے 79 پیسے سستا ہو گیا، روپیہ مستحکم ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق آج پھر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 3 روپے 79 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد 225 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان ہے، سٹاک مارکیٹ میں 490 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 560 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک سے افغانستان ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط جلد ملنے کی تصدیق کے بعد مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ کم ہوئی ہے اور حکومت نے روپے کی قدر میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے تو چند روز میں ڈالر کی قیمت مزید نیچے آ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امید ہے رواں ماہ درآمدی بل میں کمی ہوگی کیونکہ اس وقت ملک میں فوری ضرورت کا تیل بھی موجود ہے اور عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات سمیت خوردنی اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔
معاشی ماہرین نے مزید کہا ہے کہ روپے کی قیمت 200 روپے کے قریب بنتی ہے، تاہم ملک میں جاری سیاسی بے یقینی کا اگر خاتمہ ہو جاتا ہے اور استحکام آتا ہے تو روپے کی قدر بحالی کا سفر جاری رہے گا۔
آئی ایم ایف کی طرف سے قسط ملنے کے بعد دوست ممالک سے پیسے ملنے کی بھی امید ہے جس کے بعد صورتحال میں مزید بہتری آنے کی امید ہے۔