اسلام آباد: (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنے اداروں کیخلاف جنگ کرنے نہیں نکلا۔ میں اپنے ملک کا نقصان کرنے نہیں نکلا، امپورٹڈ حکومت تم چاہتے ہو ہم اپنے ذمہ داروں اور عدلیہ کے سامنے کھڑے ہو جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان، سابق وفاقی وزراء شخ رشید، اسد عمر اور پارٹی کے دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ راولپنڈی کے علاقے رحمان آباد سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔
پریڈ گراؤنڈ جلسے کے دوران عمران خان کے سیاسی اور کرکٹ کیرئیر پر ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بڑی سکرینیں نصب کرنے اور خطاب دکھانے کے بھی انتظامات کیے گئے۔
اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مہنگائی، سیاسی عدم استحکام، بے تحاشا لوڈ شیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی تاریخ میں عوام کا ایسا سمندر کبھی نہیں دیکھا، مجھے پتہ تھا لوگوں میں اپنی پولیس اور رینجرز کیخلاف غصہ تھا، مجھے پتہ تھا اس دن شام کو بھی یوں ہی عوام کا سمندر آنا تھا، عورتوں اور بچوں پر جس طرح ظلم ہو امعلوم تھا انتشار پھیلے گا، میں نے فیصلہ کیا قوم بھی میری ہے اور پولیس و رینجرز بھی میری ہے، میں انتشار نہیں پھیلانا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میر جعفر اور میر صادق نے مل کر سازش کی۔ امریکی سازش کے تحت 22کروڑ عوام کی منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، میں ملکی اداروں کیخلاف جنگ کرنے یا نقصان کرانے نہیں نکلا تھا۔ میرے بیرون ملک محلات، جائیدادیں یا کاروبار نہیں ہے۔ آج میرا مرنا جینا پاکستان میں ہے، کبھی نہیں سوچا کہ باہر کا پاسپورٹ لے لوں، پاکستان کے علاوہ کہیں اور رہنے کا سوچا بھی نہیں، امپورٹڈ حکومت میں بیٹھے لوگوں کا جینا مرنا پاکستان میں نہیں، زرداری اور شہباز شریف کی جائیدادیں ملک سے باہر ہیں، روپیہ گرتا ہے تو ان کی دولت بڑھتی ہے کیونکہ ان کے اثاثے ڈالرز میں ہیں، آصف زرداری نے حسین حقانی کے ذریعے امریکی سپہ سالار کو پیغام دیا کہ مجھے بچا لو، نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلایا تھا۔
شیخ رشید:
اس سے قبل پریڈ گراؤنڈ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج عمران خان کی قیادت میں انقلاب آ گیا، ڈیزل اپنے بھائی کو گورنر لگانا چاہتا ہے، ایک چور نے بیٹے کو وزیراعلیٰ دوسرے نے وزیر مواصلات لگوا لیا، ایک چور نے اپنے بیٹے کو وزیر خارجہ بنوا دیا، امپورٹڈ حکومت کو کہتا ہوں، جولائی بہت اہم ہے، 17 جولائی کو پی ٹی آئی کو جتوا کر حکومت کو دفن کر دینگے، یہ لوگ ملک نہیں چلا سکتے، میں نے اپنے تمام دوستوں کو السلام علیکم کہہ دیا ہے، عمر کے اس حصے میں اب میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔ جس طرح پاکستان کی فوج پورے ملک کی آواز ہے اسی طرح اب عمران خان پورے ملک کی آواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو جذبہ آج راولپنڈی میں انہوں نے دیکھا ہے ایسا پوری زندگی کی سیاست میں نہیں دیکھا۔ وہ ایسا عمران خان کو خوش کرنے کے لیے نہیں کہہ رہے ہیں۔ لیڈر روز روز نہیں پیدا ہوتے۔ میں تمام اداروں سے یہ کہتا ہوں جلد الیکشن کا اعلان کرا دیا جائے کیونکہ یہ (موجودہ حکومت) ملک نہیں چلا سکتے۔ پاکستان کی بہتری اسی میں ہے کہ فوری الیکشن کروائے جائیں۔
عمران خان کی عوام سے چندے کی اپیل
اس سے قبل عمران خان نے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے عوام سے چندے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف وہ سیاسی جماعت ہے جو اندرون ملک اور سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے چندے سے یہاں تک پہنچی ہے۔ تحریک انصاف نا تو سرمایہ داروں کی ہے اور نا ہی مافیاز کی جماعت ہے، یہ جماعت عوام کے پیسوں سے بنی ہے۔
I request all Pakistanis living in Pakistan and across the world to donate & support PTI’s fight for Haqiqi Azadi. This is a struggle for a sovereign Pakistan – please play your part in this Jehad.
@PTIKhurshidAlam is chairman of the PTI fundraising committee. pic.twitter.com/CBmNKOtFLJ— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 2, 2022
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم پاکستان کی حقیقی تحریک آزادی کے لیے نکلنے لگے ہیں، 2 تاریخ کے جلسے کے بعد ہم پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے بعد ہم عام انتخابات میں حصہ لیں گے، اس سب کے لئے ہمیں فنڈز کی ضرورت ہے۔ عوام نے پہلے جس طرح ہماری مدد کی اسی طرح ہمیں فنڈز دیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عوام سے سیاسی سرگرمیوں کے گاہے بگاہے چندہ مانگتے رہے ہیں۔
اپریل 2022ء میں عمران خان نے احتجاجی مہم کے لیے سمندر پار پاکستانیوں سے چندے کی اپیل کی تھی، اس اپیل کے بعد تحریک انصاف کا دعویٰ تھاکہ انہیں کروڑوں روپے چندے کی مد میں موصول ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ عمران خان نے 2016ء میں بھی عوام سے چندے کی اپیل کی تھی۔ اس سے بھی ان کی جماعت کو اچھی خاصی رقم چندے کی صورت میں ملی تھی۔