خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج 2 بجے ہوگا، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بجٹ پیش کریں گے، خیبر پختونخوا حکومت نے 379ارب 99کروڑ روپے کا ترقیاتی پروگرام ترتیب دے دیا۔
دستاویزکے مطابق بندوبستی اضلاع میں 310 ارب 89کروڑ روپےترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا ضم قبائلی اضلاع کے لیے 69ارب 9کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ دینے کی تجویز ہے۔
خیبر پختونخوا ترقیاتی پروگرام میں 2ہزار 194ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 128 منصوبے حکومت اپنے وسائل سے مکمل کرے گی، 66 منصوبے غیر ملکی امداد اور قرض سے شروع کیے جائیں گے، غیر ملکی امداد اور قرض کی مد میں 93ارب 18کروڑ روپے سے زائد ملنے کا امکان ہے، سڑکوں کی تعمیر کیلئے 60ارب 39کروڑ، ملٹی سیکٹر ڈویلپمنٹ کیلئے 48ارب 39کروڑروپےمختص، بلدیاتی ادارے 41ارب 80کروڑ، توانائی و برقیات کیلئے 28ارب 78کروڑ60لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے 28ارب 65 کروڑ90لاکھ روپے، ابتدائی و ثانوی تعلیم کیلئے 20 ارب 51 کروڑ10 لاکھ روپے ، کھیل، سیاحت، ثقافت ، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان کیلئے 19ارب 69کروڑ10لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے مطابق اے ڈی پی اعداد وشمار میں صوبائی کابینہ رد وبدل کرسکتا ہے۔