یورپی یونین میں 2035 کے بعد پیٹرول اور ڈیزل انجن کی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا قانون منظور کر لیا گیا ہے۔
نئے قانون کے مطابق کمپنیوں کو دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں بنانا بند کرنا ہوگا، قانون کے مطابق 27 ممالک میں ڈیزل اور پیٹرول انجن گاڑیوں کی فروخت ممنوع ہوگی۔
یورپی یونین کی اسمبلی نے بدھ کے روز ووٹ دیا کہ گاڑیاں بنانے والوں سے اگلی دہائی کے وسط تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 100 فیصد کمی کی جائے۔ مینڈیٹ پٹرول یا ڈیزل سے چلنے والی نئی کاروں کی 27 ملکی بلاک میں فروخت پر پابندی کے برابر ہوگا۔
تاہم کچھ قانون سازوں کی جانب سے 2035 تک کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 90 فیصد کمی کے ہدف کو کمزور کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا گیا۔
یورپی یونین کے قانون سازوں نے 2021 کے مقابلے میں 2030 میں گاڑیوں سے CO₂ میں 55 فیصد کمی کی توثیق بھی دی ہے۔
ماہرین ماحولیات کی جانب سے پارلیمنٹ کے فیصلوں کو سراہا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور ماحولیات، جو برسلز میں قائم اتحاد ہے، نے کہا ہے کہ ووٹ نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچنے کا ایک بہترین موقع پیش کیا ہے۔
لیکن جرمنی کے آٹو انڈسٹری لابی گروپ وی ڈی اے نے ووٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یورپ میں چارجنگ انفراسٹرکچر کی کمی کو نظر انداز کیا ہے۔
یورپی یونین 2030 میں گرین ہاؤس گیسوں کو 1990 کے مقابلے میں 55 فیصد تک کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔