واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین میں موجود امریکی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدرجوبائیڈن نے اپنے ایک انٹرویو میں مشرقی یورپ میں جاری بحران کے درمیان روسی حملے کے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرین میں موجود امریکی شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی شہریوں کو اب وہاں سے نکل جانا چاہیے۔ ایسا نہیں کہ ہم کسی دہشت گرد تنظیم سے نمٹ رہے ہیں لیکن ہم دنیا کی سب سے بڑی فوجوں میں سے ایک کے ساتھ نمٹ رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ اس وقت بہت مختلف صورتحال ہے اور چیزیں تیزی سے خراب ہو سکتی ہیں۔
جوبائیڈن نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت یوکرین میں امریکی فوجی نہیں بھیجیں گے اور روسی حملے کی صورت میں امریکی شہریوں کو بچانے کے لیے بھی فوج نہیں بھیجیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائی کسی بھی وقت اور بغیر انتباہ کے شروع ہو سکتی ہے اور یہ امریکی سفارتخانے کی قونصلر خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کو بھی بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکی شہری روسی فوجی کارروائی اور کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرات کی وجہ سے یوکرائن کا سفر نہ کریں جبکہ یوکرائن میں رہنے والے امریکی شہری بھی وہاں سے نکلنا چاہتے ہیں۔