تحصیل کوٹ مومن کے گاؤں بہک لُڑکا میں بھائی نے گینگ ریپ کا شکار ہونے والی بہن کو گولی مار کر قتل کردیا۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں با اثر خاندان سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کی جانب سے 28 سالہ خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف لیکسین تھانے میں مقدمہ درج ہے تاہم مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ظلم کا شکار ہونے والی خاتون کے بھائی نے مبینہ طور پر ساتھیوں کو ہمراہ اپنی بہن کو قتل کیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کا بھائی ریپ میں ملوث 4 ملزمان کو بھی قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم نے بتایا کہ پولیس نے ریپ کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے اسے یہ قدم اٹھانا پڑا، ملزمان کی جانب سے متاثرہ خاندان پر ’مفاہمت‘ کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریپ کرنے والے ملزمان پہلے ہی عدالت سے 11 فروری تک عبوری ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر چکے ہیں۔
دریں اثنا، اسی علاقے ہیں 14 سالہ لڑکی کا بھی ریپ کیا گیا اور ملزم فرار ہوگیا تاہم کوٹ مومن میں قتل کے بعد پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
گینگ ریپ کے ملزمان گرفتار
نجی اخبار کی ایک اور رپورٹ کے مطابق لاہور میں گلبرگ پولیس نے گینگ ریپ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے میں ملوث ایک ملزم مفرور ہے۔
ملزمان نے لڑکی کو نوکری کا جھانسہ سے کر سی وی اور دیگر دستاویزات دینے کےلیے لاری اڈا بلایا۔
بعدازاں، انہوں نے لڑکی کو کہا کہ وہ تفصیلی انٹرویو کے لیے گلبرگ میں واقع ان کے دفتر آجائے، ملزمان نے لڑکی کو لیبرٹی چوک پر واقع ہوٹل میں لے گئے جہاں اسے ریپ کا نشانہ بنایا۔
لڑکی نے اپنے والدین کو واقع کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے گینگ ریپ کا مقدمہ درج کروایا۔
پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تیسرا ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے، تاہم واقعے میں ملوث تیسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
اسمگلر گرفتار
علاوہ ازیں میانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دو اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے 100 کلو گرام چرس اور افیون برآمد کرلی گئی۔
علاقے میں گشت کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، کار کا تعاقب کرنے پر پولیس کو معلوم اس میں 44 کلو گرام چرس اور 65 کلو گرام افیون چھپائی گئی ہے، تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان عرفان اور سعید انور نے پولیس کو بتایا کہ منشیات سرگودھا اسمگل کی جارہی تھی۔