کنبرا (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کوچ جسٹن لینگر کے مستقبل کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کی 8 گھنٹے طویل بورڈ میٹنگ میں بھی نہیں ہو سکا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے صحافیوں کو صرف ایک تحریری بیان پڑھ کر سنایا جس میں انہیں بتایا گیا کہ بورڈ اب لینگر کے ساتھ خفیہ بات چیت میں حصہ لے گا۔ہاکلے نے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ بورڈ کی آج میٹنگ ہوئی اور اس میٹنگ کے ایک حصے میں مردوں کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کے معاہدے کے بارے میں اہم بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اب ہم جسٹن لینگر کے ساتھ خفیہ بات چیت کریں گے اور جلد از جلد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
لینگر فی الحال میلبورن میں ہیں جہاں وہ ہفتے کو پرتھ میں گھر کے لیے روانہ ہوں گے اور 14 دن کے لیے گھر میں قرنطینہ میں رہیں گے۔اس لیے وہ 11 فروری سے سڈنی میں شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ٹیم کی کوچنگ نہیں کریں گے اور اس دوران ٹیم کی باگ دوڑ سینیئر اسسٹنٹ اینڈریو میکڈونلڈ کو سونپی جائے گی۔
اسی میٹنگ میں کرکٹ آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کی باضابطہ منظوری دے دی تاہم یہ بات بھی ابھی واضح نہیں ہے کہ دورہ پاکستان میں آسٹریلین ٹیم کی کوچنگ جسٹن لینگر کریں گے یا نہیں؟ایشز کے اختتام کے بعد سے لینگر کے معاہدے کا مستقبل غیر واضح ہے۔ ہوبارٹ ٹیسٹ کے بعد سے وہ ہاکلے سے کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔