گیارہ سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن کیلئے کوویکس سے رابطے کا فیصلہ

مارچ کے اختتام تک تمام شہریوں کو ویکسین لگانےکا ہدف مقرر کرتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کوویکس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 5 سال سے 11 سال کی عمر کے بچوں جن کی تعداد 4 کروڑ 37 لاکھ ہے کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جاسکے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں بوسٹر لازمی قرار دیا جائے گا، جبکہ یہ معمول کے حفاظتی ٹیکوں کا حصہ ہوگا۔

دریں اثنا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار 644 کورونا وائرس کے کیسز اور عالمی وبا سے 33 اموات رپورٹ ہوئی جبکہ ایک ہزار 386 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے ملک میں متعدی مرض کے مثبت کیسز کی شرح 3.29 فیصد ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق 5 سے 11 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن کےلیے بروقت کوویکس سے رابطہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کوویکس ایک اتحادی ہے جسے گلوبل الائنس برائے ویکسین اینڈ ایمیونیشن (گاوی) ، اتحاد برائے عالمی وبا کی تیاری اور اختراعات ( سی ای پی آئی) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے اپریل 2020 میں قائم کیا تھا۔

اس فورم نے پاکستان سمیت دنیا کے 190 ممالک کی 20 فیصد آبادی کے لیے مفت ویکسین فراہم کرنے کا عہد کیا ہے، کوویکس کے تحت پاکستان بڑی تعداد میں مختلف اقسام کی ویکسین کی کھیپ حاصل کرچکا ہے۔

علاوہ ازیں ویکسینیشن کے ہدف کے حصول تک پہنچنے اور مہم کو جاری رکھنے کے لیے صوبوں کے ساتھ ایک خصوصی سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔

دریں اثنا آئندہ مہینوں میں بوسٹر ڈوس لگوانا لازمی ہوگا، بقیہ آبادی کو ویکسین لگانے کی مہم کا 7 سے 20 مارچ تک چلائی جائے گی۔

سرکاری دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ این سی او سی نے مارچ تک شہریوں کی جزوی اور مکمل ویکسی نیشن مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آئندہ ماہ کے اختتام تک 11 کروڑ یعنی ویکسین کے اہل 72 فیصد کو ویکسی نیشن مکمل ہوجانی چاہیے جبکہ 13 کروڑ افراد جو ویکسین کی اہل آبادی کے 85 فیصد ہیں انہیں اس دوران ویکسین لگانے کی ضرورت ہے۔

این سی او سی کے حال ہی میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 46 ہزار 24 افراد ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں، جس میں سے 9 کروڑ 45 لاکھ 23 ہزار 444 افراد ویکسین کی مکمل ڈوسز حاصل کرچکے ہیں۔

مزید برآں، ملک بھر میں 3 کروڑ 81 لاکھ 5 ہزار 280 افراد بوسٹر شاٹ حاصل کرچکے ہیں۔

مہم کے سلسلے میں ملک میں 7 ویکسین سائنو فارم، سائنو ویک، پاک ویک یا کنسینو، فائزر، ایسٹرازنیکا، موڈرینا اور اسپٹک کے 20 کروڑ 55لاکھ 27 ہزار 34 ڈوسز لگائے جاچکے ہیں۔

این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وزارت صحت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ کوویکس کی جانب سے مذکورہ 5 سے 11 سال کی عمر کے شہریوں کےلیے ویکسین کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد ان کی ویکسی نیشن شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 5 سے 11 سال کی عمر کے شہریوں کی تعداد 4 کروڑ 37 لاکھ ہے، حالانکہ اس عمر کے شہری کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے، لیکن یہ مشاہدہ کیا گیا تھا کہ بچے متعدی مرض کی وجہ بن سکتے ہیں جس سے ان کے اہل خانہ اور گھر کے بزرگ وبا میں مبتلا ہوسکتے ہیں، یہی وجہ کہ بیماری کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے مذکورہ عمر کے شہریوں کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں۔

ویکسین
امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ 47 لاکھ فائزر ویکسین کی ایک اور کھیپ امریکا سے پاکستان پہنچ چکی ہے، پاکستان کو دیے گئے ڈوسز کی مجموعی تعداد 57 ہوچکی ہے۔

امریکی سفارتخانے کے وزیر عے مونڈ کاسٹیلو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے دنیا بھر میں اب تک 45 کروڑ 30 لاکھ ڈوسز دی گئی ہیں، اور پاکستان نے نمایاں تعداد میں ویکسین وصول کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی پاکستان کے ایک مضبوط شراکت داری ہے، اور ویکسین کے عطیات اس شراکت داری کی ایک اور مثال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں