پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کا آغاز آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے میچ سے ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پہلے میچ سے قبل کراچی کنگز کو بڑا دھچکہ لگا ہے، بابراعظم الیون کے تین اہم کھلاڑی محمد عامر، عماد وسیم اور تھامسن باہر ہو گئے ہیں۔
محمد عامر انجری کا شکار ہیں جب کہ عماد وسیم اور تھامسن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو بھی کورونا ہوگیا ہے، شاہد آفریدی نے ایس او پیز کے تحت ٹیم کیمپ چھوڑ کر گھر میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
شاہد آفریدی کی پی ایس ایل 7 میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز شاہد آفریدی کے قریبی رشتہ دار کا انتقال ہو گیا تھا جس کی وجہ سے وہ ٹیم ببل سے بھی نکل چکے تھے۔
تاہم ترجمان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی سات روز بعد کورونا کی منفی رپورٹ آنے پر کیمپ کو دوبارہ جوائن کرینگے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کمر کی تکلیف میں بھی مبتلا ہیں۔ یاد رہے اسٹار کھلاڑی اعلان کر چکے ہیں کہ پی ایس ایل کا یہ سیزن ان کا آخری سیزن ہوگا۔