اسلام آباد: (آئی این این) پاکستان کیچ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری معین الدین تنولی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کرے اورفیڈریشن کیچ بال کے کھیل کے فروغ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کیچ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری معین الدین تنولی نے کہا کہ ملک میں کیچ بال کا کھیل نیا کھیل ہے اور کھیلنے میں یہ زیادہ مشکل نہیں ہے بلکہ والی بال اور تھروبال سے یہ ملتا جلتا کھیل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کھیل کو جلد از جلد تعلیمی اداروں میں بھی متعارف کروایا جائےگا جس کے بعد گراس روٹ سطح پر اس کے مقابلے کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ کھیل پاکستان کیچ بال فیڈریشن کے صدر مقبول آرائیں کی قیادت میں ترقی کرے گا اور حکومت کو بھی چاہئے اس کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کرے۔
معین الدین تنولی نے کہا کہ پاکستان کیچ بال فیڈریشن آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت صوبوں میں اس کھیل کی تنظیم نو کررہی ہے جس کے بعد قومی کیچ بال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔