کراچی (آئی این این) پاکستان کے دورے پر آئی انگلش ٹیم اور پاکستانی کھلاڑیوں کی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دوران پریکٹس سیشن گھلنے ملنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے سیریز کی تیاریوں کے لئے بھرپور پریکٹس سیشن کیا اور اس موقع پر کھلاڑیوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی ایک دوسرے سے اچھے انداز میں ملنے اور بات چیت کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں کہیں شان مسعود کو انگلش بیٹر ایلکس ہیلز کے ساتھ بات کرتے دیکھا گیا تو کہیں وکٹ کیپر بیٹر حارث کو انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر سے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔
Hosts 🤝 Guests#PAKvENG | #UKSePK pic.twitter.com/RznnBn3tpp
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 17, 2022
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے انگلش سپنر عادل رشید اور معین علی کو خوش آمدید کہا، بعد ازاں ملاقات میں پاکستان کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف بھی شامل ہو گئے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔