ویمنز ایشیا کپ: قومی ٹیم کی ایک اور جیت، یو اے ای کو آؤٹ کلاس کردیا

لاہور: (آئی این این) ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 71 رنز سے شکست دے دی۔

بنگلا دیش کے شہر سلہٹ میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے 17ویں میچ میں گرلز ان گرین نے یکطرفہ مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی۔

یو اے ای اننگز

146 رنز ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر صرف 74 رنز بناسکی، خوشی شرما نے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ 20 رنز بنائے، کویشا ایگوڈیگ نے 18 اور تھیرتھا ستیش نے 14 رنز بنائے۔

فاتح ٹیم کی جانب سے سعدیہ اقبال، ایمن انور، ناشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اننگز

قومی ٹیم کی جانب سے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنائے گئے، عالیہ ریاض نے سب سے زیادہ 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، منیبہ علی 43 رنز بناکر دوسری نمایاں بیٹر رہیں جبکہ ندا ڈٓار نے ناٹ آؤٹ 25 سکور کی اننگز کھیلی۔

متحدہ عرب امارات کی باؤلر ایشا اوزا نے سب سے زیادہ 3 جبکہ مہیکا گور اور ویشنوی مہیش نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ویمن آف دی میچ

میچ میں 57 رنز کی اننگز کھیلنے پر عالیہ ریاض کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں