پاکستان سے تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچ رہی ہے، جبکہ قومی کرکٹ ٹیم لاہور سے ملتان پہنچ گئی ہے اور بابراعظم کی قیادت میں قومی کھلاڑی آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے۔
تین روزہ تربیتی کیمپ میں بھرپور پریکٹس اور دو سیناریو بیس پریکٹس میچ کھیلنے کے بعد قومی سولہ رکنی اسکواڈ ملتان میں موجود ہے، ویسٹ انڈیز ٹیم سے مقابلے کے لیے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور کپتان بابراعظم کی قیادت میں قومی اسکواڈ چھ اور سات جون کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ساڑھے تین تین گھنٹے بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ ڈرلز کرتا نظر آئے گا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا ٹریننگ سیشن منگل کی شام ساڑھے چار سے رات 8 بجے تک ہوگا۔
قومی اسکواڈ میں شامل فاسٹ باولر حسن علی اور حارث روف ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے ہمراہ باولنگ کرانے میں مزہ آتا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ آٹھ جون کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دوپہر چار بجے شروع ہو گا، پاک ویسٹ انڈیز سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔