ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بلے بازوں کی حکمرانی برقرار ہے۔کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم اور امام الحق کی جوڑی نے عالمی رینکنگ کی پہلی دو پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ فاسٹ باولر شاہین آفریدی ایک بار پھر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی او ڈی آئی رینکنگ بہتر سے بہتر ہونے لگی۔ آئی سی سی او ڈی آئی رینکنگ میں کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم پہلی پوزیشن پر بدستور براجمان ہیں۔
قومی بیٹر امام الحق نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے دوسری پوزیشن چھین لی۔امام الحق ویسٹ انڈیز کیخلاف تین میچوں میں ایک سو ننانوے رنز بنا کر پلئیر آف دی سیریز قرار پائے تھے۔ آئی سی سی رینکنگ میں امام الحق آٹھ سو پندرہ ریٹنگ پواِنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی او ڈی آئی باولرز رینکنگ میں شاہین آفریدی نے دو درجہ ترقی حاصل کی ہے۔ شاہین آفریدی او ڈی آئی باولرز رینکنگ میں چھٹے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔شاہین آفریدی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف نپی تلی باولنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دیا تھا۔
آئی سی سی او ڈی آئی پلئیرز رینکنگ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی نوویں پوزیشن اور ڈیوڈ وارنر ایک درجہ تنزلی کے بعد دسواں نمبر آگئے ہیں۔ جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں جوئے روٹ دنیا کے نمبر ون بلے بن گئے ہیں