وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات پر تمام سبسڈی ختم کرنے کے باوجود کے الیکٹرک کے لیے بڑی سبسڈی مختص کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ بجٹ میں کے الیکٹرک کے لیے ایک بار پھر 80 ارب روپے کی بھاری سبسڈی مختص کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاور سیکٹر کی سبسڈی میں 502 ارب روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے اور اسے 1072 ارب روپے سے کم کر کے 570 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
آئی پی پیز کے لیے سبسڈی 434 ارب روپے سے کم کر کے 180 ارب روپے کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے پچھلے سال رکھی گئی 44 ارب روپے کی سبسڈی اور سابق فاٹا کے لیے بجلی کی مد میں 76 ارب روپے سبسڈی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم سیکٹر کی سبسڈی کو بھی 377 ارب روپے سے کم کر کے 71 ارب روپے کر دیا گیا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی 286 ارب روپے سے کم کر کے 25 ارب روپے کر دی گئی ہے۔