اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان فطری طور پر مثبت شخصیت ہیں، پی ایس ایل کی اچھی تیاری ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام “صبح سے آگے” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تیاری اچھی ہے اور میری کوشش ہے کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے میری کرکٹ پر توجہ نہیں تھی لیکن جب راولپنڈی منتقل ہوئے تو کرکٹ میں تیز بال پر توجہ دی جبکہ انڈر 16 میں لگا کہ کرکٹ میں کچھ کرنا ہے اور انڈر 19 میں کارڈ بنا اور کرکٹ کھیلنا شروع کر دی۔
کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ کھیلنا مشکل ہے۔ سعید اجمل سے بہت کچھ سیکھا اور دیگر تمام سینئر کھلاڑیوں سے بھی بہت اچھی کرکٹ سیکھی۔
وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی وہ فطری طور پر مثبت شخصیت ہیں اور انہوں نے ملاقات میں ہماری حوصلہ افزائی کی۔
شاداب خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہار کے باوجود کپتان اور ٹیم کا حوصلہ بڑھایا تھا۔