ٹی وی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم کے تحت مقدمہ دائر کرنے کے بعد خاموشی توڑ دی۔
نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر 30 منٹ کی طویل ویڈیو میں شرمیلا فاروقی کی جانب سے مقدمہ دائر کروانے اور ان کی جانب سے اپنے خلاف نامناسب زبان استعمال کیے جانے کے معاملے پر بات کی۔
نادیہ خان نے ویڈیو میں اپنے شوہر کو بھی ساتھ بٹھایا، جنہوں نے بھی مذکورہ معاملے پر بات کی اور گواہی دی کہ انہیں اہلیہ کی جانب سے شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو میں کوئی نامناسب بات نظر نہیں آئی۔
طویل ویڈیو میں نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کے عمل پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ رکن سندھ اسمبلی کو اپنی والدہ کی عزت کی پرواہ کیوں نہیں اور ان کے ذہن میں یہ سوال بھی ہے کہ آخر شرمیلا کو اپنی والدہ خوبصورت کیوں نظر نہیں آتیں؟
نادیہ خان نے کہا کہ ان کی جانب سے انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو دوبارہ اور غور سے دیکھا جائے اور بتایا جائے کہ انہوں نے کہاں اور کون سے نامناسب الفاظ استعمال کیے؟
ٹی وی میزبان اور اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے تو شرمیلا فاروقی کی والدہ کی عزت کی اور ان کے ساتھ بڑے ادب و پیار کے ساتھ گفتگو کی مگر نہ جانے کیوں رکن سندھ اسمبلی کو یہ بات بری لگی؟
انہوں نے سوال کیا کہ آخر شرمیلا فاروقی کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ ان کی والدہ خوبصورت نہیں ہیں یا انہیں عزت نہ دی جائے؟
نادیہ خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شرمیلا فاروقی نے ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا اگر وہ ان سے براہ راست رابطہ کرکے مذکورہ کلپ نکالنے کی بات کرتیں تو وہ نکال دیتیں مگر رکن سندھ اسمبلی نے ان سے بات کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر معاملے کو اچھالا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آیا کہ آخر شرمیلا فاروقی اپنی عمر رسیدہ والدہ کے معاملے کو میڈیا میں اتنا کیوں اچھال رہی ہیں جب کہ انہوں نے رکن سندھ اسمبلی کو مسیج کرکے کہا بھی کہ معاملے میں ان کی والدہ کا نام جڑا ہوا ہے، وہ ان کا خیال کرکے میڈیا میں کیس کو نہ اچھالیں۔
نادیہ خان نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ شرمیلا فاروقی کس طرح کی بیٹی ہیں کہ اپنی عمر رسیدہ والدہ کا معاملہ میڈیا میں اچھال رہی ہیں؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ کا خیال تھا، جس وجہ سے وہ مذکورہ معاملے پر بات نہیں کر رہی تھیں مگر انہیں افسوس ہے کہ انیسہ فاروقی کی بیٹی ہی ان کے معاملے کو میڈیا میں اچھال رہی ہیں۔
نادیہ خان اور ان کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ انیسہ فاروقی نے ان کے ساتھ ویڈیو سے قبل بھی بڑے ادب و احترام سے بات کی اور وہ خود چل کر ان کے پاس آئیں جب کہ نادیہ خان نے انہیں احترام دینے کی وجہ سے ہی ان کی ویڈیو بنائی اور ان کے لباس و میک اپ کی تعریفیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا کوئی کیسے ان کی نیت کا اندازہ لگا سکتا ہے؟ ان کی ویڈیو پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ان کی نیت خراب تھی۔
ویڈیو میں نادیہ خان نے بتایا کہ انہیں ان کی ساس، والد اور والدہ نے بھی کہا کہ انہوں نے انسیہ فاروقی کے ساتھ کوئی نامناسب بات نہیں کی جب کہ ان کے شوہر بھی اس کی گواہی دے رہے ہیں اور ان کے شوہر ایسے ہیں کہ انہیں ذرا سی غلطی پر بھی ڈانٹ دیتے ہیں۔
طویل ویڈیو میں نادیہ خان نے کہا کہ اب جب معاملہ حد سے گزر گیا تو انہوں نے مجبور ہوکر وضاحتی ویڈیو جاری کی ہے۔
نادیہ خان سے قبل 20 جنوری کو شرمیلا فاروقی نے ٹی وی میزبان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم کے تحت شکایت درج کروائی تھی۔
اس سے قبل 18 جنوری کو نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو کہ اداکارہ صبور علی کی شادی کے موقع پر بنائی گئی تھی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہی شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف شکایت درج کروائی اور اب نادیہ خان نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی پر شدید تنقید کی ہے۔