مفتاح اسماعیل اور حکومتی نا اہلی کی گواہی تو نواز شریف بھی دے رہے ہیں:اسد عمر

کراچی: (آئی این این) سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی گواہی تو نواز شریف بھی دے رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نااہل ہے، ساڑھے چار ماہ ہو گئے ابھی تک ان سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا۔

وزیر خزانہ خیبر پختونخوا سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا تیمور جھگڑا نے خط میں 24 گھنٹے میں اپنی مدد کا اظہار کیا، خط میں کہا گیا کہ ہم وفاق کی مدد کے لیے تیار ہیں، 2 ماہ میں انہوں نے صوبائی حکومت سے ملاقات تک نہیں کی، تیمور جھگڑا صوبے کا حق مانگ رہے ہیں، حکومت کی جانب سے اپنی ناکامی کا ملبہ تیمور جھگڑا پر ڈالنے کی کوشش کی گئی، خبردار اگر کسی نے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے سے ملک کو چلائیں گے تو یہ آپ کی خام خیالی ہے، جن دعوؤں پر آپ نے حرام کے پیسے سے حکومت گرائی اس میں ناکام ہوئے، جو بھی ہو رہا ہے وہ آپ کی ناکامی کی وجہ سے ہو رہا ہے، آپ نااہل ہیں اور آپ نے عوام کی زندگی مشکل نہیں مشکل تر بنا دی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف کی ڈیل نہیں ہو رہی آپ سب کو چھوڑیں آپ کی نااہلی کی تو نواز شریف گواہی دے رہے ہیں، ہم نے بہت بہتر پوزیشن میں آئی ایم ایف سے بات چیت کی تھی اور ہم ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کررہے تھے۔

سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو پاکستانی قوم متحد ہو جاتی ہے، جو لوگ مشکل میں ہیں قوم ان کی مدد کے لیے اٹھے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے پارٹی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مدد کی ہدایت کی ہے، دنیا بھر سے پیغام آ رہا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپیل کریں، عمران خان کی طرف فنڈز ریزنگ کی اپیل کیلئے کہا جارہا ہے۔

توہین عدالت کے حوالے سے سوال پر رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ توہین عدالت کا اختیار صرف عدالت کو ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں