’مس مارول‘ میں پاکستانی گانا ’پیچھے ہٹ‘ دیے جانے کا امکان

خبریں ہیں کہ جلد ہی ریلیز ہونے والی پہلی باحجاب مسلم پاکستانی سپر ہیرو لڑکی کی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ دیے جانے کا امکان ہے۔

’پیچھے ہٹ‘ کو رواں برس ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو کے سیزن میں شامل کیا گیا تھا، جسے نوجوان گلوکار حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز نے گایا تھا۔

’پیچھے ہٹ‘ کو کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کی نقل کرنے والی بہنوں جسٹن بیبز کی وجہ سے کافی پذیرائی ملی تھی اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ اسی گانے کو آنے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں بھی شامل کردیا گیا ہے۔

بی بی سی کے صحافی ہارون رشید نے اپنی ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ پاکستانی سپر ہیرو کردار ’کمالہ خان‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں نہ صرف ’پیچھے ہٹ‘ گانا شامل ہے بلکہ اس میں بولی وڈ فلموں کے ڈائلاگز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ’مس مارول‘ کو دو قسطیں دیکھ لیں اور انہیں ویب سیریز میں جنوبی ایشیائی تڑکا دیکھ کر مزہ آگیا۔

صحافی نے لکھا کہ ویب سیریز میں نہ صرف شاہ رخ خان کی معروف فلموں کے مزاحیہ ڈائلاگز کو شامل کیا گیا ہے بلکہ اس میں حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ بھی شامل ہے۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ’پیچھے ہٹ‘ گانے کو کس پر فلمایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ’مس مارول‘ کو امریکا سمیت دنیا بھر میں آئندہ ماہ 8 جون کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم پاکستان میں مذکورہ اسٹریمنگ ویب سائٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسے سینماؤں میں دکھایا جائے گا۔

مذکورہ ویب سیریز کے ہدایت کاروں میں شامل شرمین عبید چنائے نے رواں ماہ مئی کے آغاز میں بتایا تھا کہ مارول اسٹوڈیوز ‘مس مارول’ کا پاکستان میں سینماؤں کے لیے 6 قسطوں کا ایک سینما فارمیٹ ورژن بنایا گا، جسے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پہلی اور دوسری قسط 16 جون، تیسری اور چوتھی قسط 30 جون کو اور پانچویں اور چھٹی قسط 14 جولائی کو ریلیز ہوں گی۔

’مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالا خان‘ نامی 16 سالہ سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہے اور جرسی سٹی میں رہتی ہے۔

کمالا ایک پرجوش فنکار، ایک شوقین گیمر، اور فکشن کی دلدادہ ہے، وہ اوینجرز اور خاص طور پر کیپٹن مارول کی ایک بہت بڑی مداح ہے لیکن سپرپاورز حاصل کرنے سے قبل کمالا خان نے ہمیشہ دنیا میں اپنا مقام تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں