لاہور میں 11 سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ مسلسل سیاست کی نذر ہونے لگا

لاہور:(آئی این این) صوبائی دارالحکومت میں 11 سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ مسلسل سیاست کی نذر ہونے لگا۔

لاہور میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے 11سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور حکومت میں شروع ہوا، 2018 کے بعد برسر اقتدار آنے والی حکومتوں نے منصوبے کو بالکل سنجیدہ نہیں لیا، بزدار سرکار کے ساڑھے 3 سالہ دور حکومت میں منصوبہ تقریباً ٹھپ رہا، موجودہ پنجاب حکومت بھی 11سپورٹس کمپلیکس کو مکمل کرنے میں خاص دلچسپی نہیں دکھا رہی۔

سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کو جون 2022 میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا مگر وعدہ وفا نہ ہوا، آزادی چوک کے مقام پر سپورٹس کمپلیکس کا 98 فیصد کام ہونے کے باوجود فائنل ٹچ نہیں دیا جارہا، فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے رکھ شاہدرہ، سنگھ پورہ، چائنہ سکیم، کینال روڈ اور شالیمار سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام بھی ادھورا ہے۔

عرصہ دراز سے سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر مکمل ہونے کی امید لگائے کھلاڑی مایوس ہیں اور کہتے ہیں ایسے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

دوسری جانب ایل ڈی اے انتظامیہ تمام سپورٹس کمپلیکس کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے، انتظامیہ کے مطابق فنڈز ملتے ہی تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں