اسلام آباد: (آئی این این) گزشتہ روز نانگا پربت سر کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف کیمپ تھری پہنچ گئے۔
شہروز کاشف کے والد کا کہنا ہے کہ شہروز ساتھی فضل علی اپنی مدد آپ کے تحت کیمپ تھری پہنچے ہیں، کوہ پیماؤں کی لوکیشن ٹیلی اسکوپ کے ذریعے معلوم کی گئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ شب اپنے ویڈیو بیان میں شہروز کاشف کے والد نے اپنے بیٹے کو ریسکیو کرنے کے لیے پاکستان کے آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔
ویڈیو پیغام میں ان کے والد نے کہا تھا کہ شہروز نے کنچن جنگا دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کے بعد یہ کامیابی فوج کے شہدا کے نام کی تھی، وہ صرف 20 سال کی عمر میں اتنے بڑے بڑے کارنامے سر کر کے پاکستان کا نام روشن کر چکا ہے، آپ لوگ پلیز اسے ریسکیو کرنے کا آپریشن کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل علی نانگا پربت سے واپسی پر لاپتہ ہوگئے تھے۔
دونوں کوہ پیماؤں سے کیمپ کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا جس کے بعد وزیراعلی گلگت بلتستان عبدالخالد نے ریسکیو آپریشن کا حکم دے دیا تھا، دونوں کوہ پیماؤں نے صبح 8 بجکر 15 منٹ پر نانگا پربت کو سر کیا تھا۔