قائد اعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی، خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقاریب

کراچی (آئی این این) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی آج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے، بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کراچی شہر کی بندرگاہ کے قریب واقع وزیر مینشن نامی عمارت میں 1876 کوجناح بھائی پونجا کے گھرآنکھ کھولنے والے محمد علی جناح آنے والے برسوں میں مسلمانان ہند کے میر کارواں بن گئے اور عرصہ دراز سے استحصال میں پھنسی قوم کو اپنی سیاسی بصیرت کی وجہ سے الگ مملکت کی شناخت دی۔

قائداعظم کو پاکستان کی آزادی کے لیے ان کی بے مثال خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔

بابائے قوم کےسنہری اصول آج بھی مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے مشعل راہ ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب بھی منعقد کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ برصغیر میں ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا وہ دیرینہ خواب جو اسلامیان ہند گذشتہ دو صدیوں سے دیکھتے چلے آرہے تھے 14 اگست کو شرمندہ تعبیر ہوا، قائد اعظ محمد علی جناح قوم کیلئے آزادی حاصل کرنے کے فوراً بعد 11 ستمبر 1948 کو انتقال کرگئے۔

قائد اعظم کی وفات کو کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ا ن کے یوم وفات پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اور مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں