عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ شاہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا؟

خبریں ہیں کہ رکن قومی اسمبلی، ٹی وی میزبان اور اسکالر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ نے خلع کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

ٹوئٹر پر متعدد صحافیوں اور صارفین نے سیدہ دانیہ شاہ کی جانب سے صوبہ پنجاب کے شہر بہاول پور کی عدالت میں دائر کردہ تنسیخ نکاح کی مبینہ کاپی شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ نے بھی خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

صحافی ارشد چوہدری نے دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ مبینہ تنسیخ نکاح کی کاپی شیئر کی، جس میں انہوں نے عامر لیاقت سے 11 کروڑ 51 لاکھ 50 ہزار روپے کا حق مہر بھی دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔


مبینہ تنسیخ نکاح کی کاپی میں دانیہ شاہ نے عدالت سے عامر لیاقت سے نان و نفقہ کی مد میں ماہانہ ایک لاکھ روپے بھی دلوانے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے درخواست میں کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں 11 کروڑ روپے کے گھر، 45 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی اور چار لاکھ روپے مالیت کا سونا یا ان اشیا کی رقم دلوانے کی استدعا بھی کی ہے۔

دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی مبینہ کاپی کو دیگر صحافیوں اور ٹوئٹر صارفین نے بھی شیئر کیا اور دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت سے خلع کے لیے ان کی تیسری اہلیہ نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

دانیہ شاہ کی جانب سے خلع کے لیے عدالت سے ایک ایسے وقت میں رجوع کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں بھی عامر لیاقت اور ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں دانیہ شاہ اور عامر لیاقت نے اپنی مختصر ویڈیوز میں علیحدگی کی خبروں کو مسترد کردیا تھا، تاہم سوشل میڈیا پر مسلسل دعوے کیے جا رہے تھے کہ دونوں کے درمیان علحدگی ہوچکی۔

دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں شادی کے محض 3 ماہ بعد ہی سامنے آئی ہیں۔

دونوں نے فروری کے پہلے ہفتے شادی کرنے کی تصدیق کی تھی، دانیہ شاہ اسکالر عامر لیاقت حسین سے 31 سال کم عمر ہیں۔

دانیہ شاہ کی عمر 18 سال جب کہ عامر لیاقت حسین کی عمر 49 برس ہے۔

عامر لیاقت کی دانیہ شاہ سے شادی سے قبل ان کی پہلی دو شادیاں بھی طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

عامر لیاقت سے دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے فروری 2022 میں خلع لینے کی تصدیق کی تھی، انہوں نے جولائی 2018 میں ان سے شادی کی تھی۔

اس سے قبل ڈاکٹر بشریٰ نے دسمبر 2020 میں عامر لیاقت سے طلاق ہوجانے کی بھی تصدیق کی تھی۔

عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور بھی ان سے کئی سال کم عمر تھیں جب کہ پہلی اہلیہ سے انہیں دو جواں سالہ بچے ہیں، جن میں سے بیٹی اور بیٹا ہیں، جن کی عمریں 20 سال سے زائد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں