لاہور: (آئی این این) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے لندن میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے گھٹنے کی بحالی کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شاہین کو ان کی بحالی میں مالی مدد فراہم نہیں کر رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شاہین اپنے خرچ پر بحالی کے لیے انگلینڈ گئے تھے، میں نے انہیں وہاں ڈاکٹر کا بندوبست کر کے دیا اور انہوں نے ان سے رابطہ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کے ہونے والے سسر کا کہنا تھا کہ پی سی بی شاہین کو کچھ نہیں دے رہا۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ کے شروع ہونے سے قبل گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جنہیں انجری سے بحالی کے لئے انگلینڈ بھیجا گیا تھا جبکہ ان کو انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے بھی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ، تاہم وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ ٹیم کا حصہ ہیں۔