لاہور: (آئی این این) سیلاب سے تباہ حال ملکی معیشت مزید دباؤ کا شکار ہوگئی، ایف بی آر کے لیے رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنا ناممکن ہوگیا۔
ایف بی آر کے لیے رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف 7 ہزار 470 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا تاہم سیلاب نے اس کا حصول تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سیلاب کے باعث صنعتوں کی پیداوار اور آمدن میں نمایاں کمی متوقع ہے ، زراعت اور لائیو اسٹاک سے خام مال حاصل کرنے والی چمڑے اور ڈیری کی صنعت کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ انفرادی آمدن میں بھی کمی ہوگی۔
سیلاب سے اب تک کے تخمینے کے مطابق ملک بھر میں 7 لاکھ 54 ہزار سے زائد مويشی سیلابی ریلوں میں بہہ چکے ہیں، ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان آئی ایم ایف کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے طے شدہ ٹیکس ہدف پر نظرثانی کی درخواست کرے گی۔