سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ کا شوہر سے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع

نیویارک: (آئی این این) ہالی ووڈ سٹار سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ جینیفر فلاون نے شوہر سے علیحدگی کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلویسٹر اسٹیلون کی اہلیہ نے شادی کے 25 سال بعد شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ اس وقت لیا جب اداکار نے اپنے بازو پر بنے اہلیہ کے ٹیٹو کو اپنے پالتو کتے کے ٹیٹو سے تبدیل کرلیا تھا۔

ہالی ووڈ سٹار کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا کہ شاید اسٹیلون کے ساتھ معاملات ختم ہونے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی بیٹیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ لڑکیاں میری ترجیح ہیں، اس کے علاوہ کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی، ہم چار ہمیشہ ساتھ رہیں گی، جبکہ جینیفر نے اسٹیلون کو انسٹا گرام سے ان فالو بھی کردیا۔

تاہم ریمبو اسٹار نے اپنے ایک بیان میں مؤقف اپنایا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپڈیٹ کروانا چاہ رہے تھے لیکن اس میں خرابی ہو گئی تھی جسے دور کرنا ممکن نہیں رہا تھا جس کی وجہ سے مجبوراً انہیں اپنی اہلیہ کے ٹیٹو کو اپنے کتے کے ٹیٹو سے چھپانا پڑ گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے خاندان سے بہت محبت کرتا ہوں اور ہم یہ معاملہ دوستانہ اور نجی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تاہم جینیفر فلاون نے علیحدگی کیلئے فلوریڈا کی پام بیچ کاؤنٹی کی عدالت سے رجوع کیا جہاں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے درمیان شادی کا تعلق اب ٹوٹ چکا ہے اور بات ناقابل واپسی حد تک پہنچ چکی ہے اور ان کے شوہر ان کے شوہر سٹیلون ازدواجی اثاثے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں