ماسکو: (آئی این این) روس کے فوجی تربیتی مرکز میں فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دو حملہ آوروں نے ان رضا کاروں کو نشانہ بنایا جو روس کی جانب سے یوکرین میں لڑنے کے خواہشمند تھے۔
یوکرینی سرحد پر واقع بیلگراڈ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعہ میں ملوث دونوں حملہ آوروں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا، حکام نے حملہ آوروں کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم کہا گیا ہے کہ ان کا تعلق سابق سوویت یونین کی ایک ریاست سے تھا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ٹریننگ بیس پر فوج میں بھرتی کیلئے آنے والے رضا کاروں کو تربیت دی جاتی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے لازمی فوجی خدمات انجام دینے والے 3 لاکھ روسی شہریوں کو یوکرین کیخلاف جنگ کے لیے متحرک کرنے کا حکم دیا تھا۔