یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، جہاں دیگر ممالک اپنے شہریوں کا انخلا کر رہ ہیں وہیں، یوکرینی شہریوں نے جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔
یوکرین نیشنل گارڈ ایزوف بٹالین کے سابق اہلکار دارالحکومت کیف میں شہریوں کو لڑنے کی تربیت دے رہے ہیں۔
نیشنل گارڈ کی جانب سے شہریوں کو بندوق کے استعمال اسے چلانے، گولہ بارود لوڈ کرنے اور اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تربیت دی گئی جس سے وہ اپنے دفاع کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
ایک 79 سالہ مقامی رہائشی،کا کہنا تھا کہ وہ روسی حملے کی صورت میں اپنے خاندان کے دفاع کے لیے تیار رہنا چاہتی ہیں۔
یاد رہے امریکہ، برطانیہ اور نیدرلینڈز کے بعد جرمنی نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین سے واپس بلا لیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یوکرین چھوڑ کر واپس آ جائیں یا کسی دوسرے ملک منتقل ہو جائیں۔ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی کے بعد امریکہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس کسی وقت بھی یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔
امریکی انٹیلیجینس رپورٹ کے مطابق روس بیجنگ میں منعقدہ سرمائی اولمپکس کے اختتام سے قبل یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔ امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ نے یورپی اقوام میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس امریکی رپورٹ پر کییف حکومت نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔