لاہور: (آئی این این) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اوگرا کی سمری وزارت وزارت خزانہ کو مل چکی ہے، اس سمری میں پٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ڈیزل ، تیل سمیت دیگر چیزوں کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے سے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی رد و بدول نہیں کی جائے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس وقت ملک میں پٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہے، جس پر حکومت 32.42 روپے پٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے، ڈیزل کی قیمت 235.30 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 12.58 روپے ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت 191.83 روپے ہے جس پر پٹرولیم لیوی 15 روپے لگی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 186.50 روپے کی سطح پر ہے اور پٹرول لیوی 10 روپے حاصل کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر15دن بعد تبدیل ہوتی ہے، ہر پندرہ دن بعد مجھے نیند نہیں آتی پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھیں، میں نے پھونک مارنے کی بات کی جادو ٹونے کی نہیں، کل ہم نے نئی قیمتیں جاری کرنی ہیں، مولانا سے کہوں گا ایک اور نئی پھونک مار دیں مولانا صرف پھونک ہی ماریں گے تو مسائل حل ہو جائیں گے۔