اسلام آباد: (آئی این این) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات معمول کے مطابق ہی ہوں گے۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آف پاکستان کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کر دیئے جائیں کیونکہ ایک سیاسی جماعت اسلام آباد پر قبضہ کرنے کے لیے آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکریٹری اور آئی جی صاحبان پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں ایم او ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
وزارتِ داخلہ نے ضمنی الیکشن 90 دن کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا
چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔
#ECP pic.twitter.com/pjJ0wXjxAO
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) October 11, 2022
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9، صوبائی اسمبلی کے تین اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ ادارہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تیار ہے بہرحال صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کی ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے ان کا موقف درکار ہے تاکہ انتخابات کا پُرامن انعقاد اور دوٹروں کو پولنگ کے دن پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنا اپنا موقف پیش کیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام افسران و نمائندگان کا موقف سننے کے بعد فیصلہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہے اس کے سوا باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022ء کو ہوں گے۔
فیصلہ کیا گیا کہ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022ء کو نہیں ہوگا یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسی طرح کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022ء کو ہوں گے۔