لاہور: (آئی این این) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
مہمان سکواڈ ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے یکم سے 19 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ تمام چھ میچز 4 سے 18 نومبر تک اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے، محدود طرز کے میچز 45 اوورز پر مشتمل ہوں گے۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سال 2022 پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا سال ہے، لہٰذا، وہ نومبر میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ 15 سالوں میں پاکستان میں پہلی جونیئر بین الاقوامی سیریز ہوگی، ایک چار روزہ اور پانچ محدود طرز کی کرکٹ کے میچز پر مشتمل یہ سیریز دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔
سیریز کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کی آمد یکم نومبر کو ہوگی جبکہ 4 تا 7 نومبر چار روزہ میچ کھیلا جائے گا۔ اسکے بعد پہلا ون ڈے 10 نومبر کو، دوسرا ون ڈے 12 نومبر، تیسرا ون ڈے 14 نومبر، چوتھا ون ڈے 16 نومبر اور پانچواں ون ڈے 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔