برمنگھم میں قومی پرچم سربلند، ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمزمیں گولڈ میڈل جیت لیا

برمنگھم: (آئی این این) پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو کر کے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔

جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔

ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88 میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا، واضح رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ میں اُن کا ذاتی ریکارڈ 86.38 میٹر تھا۔

تیسری تھرو کے بعد ارشد ندیم 8 بہترین تھرورر میں آگئے جس کے بعد انہیں مزید 3 تھرو دی گئیں۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو 85.9 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن نے چوتھی تھرو 82.74 میٹر پھینکی، اس موقع پر ورلڈ چیمپئن اینڈرس پیٹرس ارشد سے آگے نکل گئے۔

پانچویں باری میں پیٹرس نے 88.64 میٹر تھرو پھینکی اور پھر ارشد ندیم نے 90.18 تھرو پھینکی، بعد ازاں انہوں نے چھٹی باری میں 86 میٹر تھرو پھینکی۔

انتظامیہ نے نتیجہ دیکھنے کے بعد ارشد ندیم کو جیولین تھرو ایونٹ کا گولڈ میڈلسٹ قرار دیا جبکہ سابق عالمی چیمپئن سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

بعدازاں ارشد ندیم نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مزید کامیابیوں کے لیے پرعزم ہوں، پاکستانی قوم اسی طرح دعا کرتی رہے تا کہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں۔

دوسری جانب قومی ہیرو کو مبارکبادیں دینے کا سلسلہ جاری ہے، ،صدرمملکت ،آرمی چیف ،مریم نواز، بابراعظم اور دیگر نے ارشد ندیم کو تاریخی کامیابی پرمبارکباد دی۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی، طلائی تمغہ جیتے پر قوم کو آپ پر فخر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جسم ٹوٹا ہوا تھا، پر ہمت ہمالیہ سے بھی بلند تھی، آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ارشد ندیم کو سلام۔

اپنا تبصرہ بھیجیں