دوحہ: (آئی این این) وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ بارشوں کا پے درپے سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے، قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی ایک بہت بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر اداروں اور تنظیموں سے سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے کام میں ہاتھ بٹانے کی اپیل کی ہے۔