اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پی ایس ایل 7 ایڈیشن کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا۔
این سی او سی کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی میچز 25 فیصد شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے اور کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کے لیے مکمل ویکسی نیشن لازمی ہو گی۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل لاہور میچز کے بارے میں فیصلہ فروری کے پہلے ہفتے میں ہو گا اور مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کو ہی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔ تمام عمر کے افراد کو ہی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔
اسٹیڈیم میں آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسی نیشن لازم ہو گی اور پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے میکنزم تیار کرے گا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ پی سی بی کرکٹ میچز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہو گی اور پی سی بی کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہو گی۔ کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک اور سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہو گا۔