ایشیا کپ فائنل: پاکستان کے خلاف سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

لاہور:(آئی این این) ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے فیصلہ کن معرکے میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر داسن شناکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا اننگز

آئی لینڈرز کی جانب سے نسانکا اور کوشال مینڈس نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینڈس کو صفر پر کلین بولڈ کردیا، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر نسانکا تھے جو کہ 8 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔

حارث رؤف کی ان سوئنگ کو دنوشکا گوناتھیلاکا مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہے اور صرف 1 رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس طرح سری لنکا نے 5 وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنالئے ہیں۔

پاکستان پلیئنگ الیون


فائنل کے لئے پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاداب خان اور نسیم شاہ کو شامل کرکے عثمان قادر اور حسن علی کو آرام دیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

سری لنکا پلیئنگ الیون

پاکستان کے خلاف لنکا پلیئنگ الیون میں کپتان داسن شناکا، دنوشکا گوناتھیلاکا، پاتھم نسانکا، وکٹ کیپر کوشال مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، بھانوکا راجاپکسا، وانندو ہاسارنگا، چیمکا کرونارتنے، مہیش تھیکشانا، پرمود مدوشان اور دلشان مدوشانکا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پانچویں بار جبکہ سری لنکن ٹیم 11ویں مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل کھیل رہی ہے، پاکستان 2 بار ایشیا کپ کی چیمپئن بن چکی ہے، جبکہ سری لنکا 5 بار ٹرافی پانے نام کر چکا ہے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اب تک 22 میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے 9 میچز سری لنکا جبکہ 13 میچز پاکستان نے جیتے ہیں، ایشیا کپ کے دوران ٹیمیں دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 3 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 2 مرتبہ سری لنکا جبکہ ایک مرتبہ پاکستان نے جیت اپنے نام کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں