تہران: (آئی این این) ایران میں ہیکروں نے نیوز بلیٹن کے دوران سرکاری چینل ہیک کرکے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیخلاف پیغامات نشر کر دئیے۔
ایران میں طالبہ مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والے ہیکروں نے سرکاری چینل آئی آر آئی بی کو ہیک کیا، ہفتے کی شام چھ بجے کے نیوز بلیٹن میں آیت اللہ خامنہ ای کا بیان جاری تھا، اچانک سکرین پر ایک ماسک نمودار ہوا اور پھر رہبر اعلیٰ کی تصویر کے گرد شعلے دکھائی دینے لگے۔
ایرانی سپریم لیڈر کی تصویر پر ماتھے پر بندوق کے ہدف کا نشان بھی بنایا گیا۔ اسکرین پر مہسا امینی اور مظاہروں کے دوران ہلاک مزید 3 خواتین کی تصاویر بھی لگائی گئی تھیں۔
ہیکرز نے اپنا تعارف ’عدالتِ علی‘ کے نام سے کروایا، اسکرین پر ایک پیغام بھی لکھا تھا کہ ’آپ ہمارے ساتھ شامل ہوں اور آواز اٹھائیں۔
دوسرے پیغام میں کہا گیا کہ ’ہمارے نوجوانوں کا خون آپ کے ہاتھوں سے بہہ رہا ہے‘ اور ساتھ ہی ’زن، زندگی اور آزادی‘ کے نعرے گونج رہے تھے۔