لاہور: (آئی این این) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ 4 سالوں کیلئے قومی ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سال 2023 سے 2027 کے دوران آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے 10 ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
اس دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا جیسے مضبوط حریفوں کے علاوہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی جبکہ افغانستان، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں محدود طرز کی کرکٹ کیلئے دورہ کریں گی۔
🚨 Key points from Pakistan Men’s Future Tours Programme (FTP) 2023-2027 🚨 pic.twitter.com/nSl57p0WRa
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 17, 2022
دوسری جانب پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پر مشتمل دو سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی فروری 2025 میں کھیلی جائے گی جبکہ دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مدمقابل آئیں گی۔
2023سے 2027 تک قومی ٹیم 27 ٹیسٹ ،47 ون ڈے اور 56 ٹی 20 میچز کھیلے گی،2023 میں ایشیا کپ اور 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا۔
پی سی بی نے آئندہ 4 سالوں کے لیے پی ایس ایل کے عارضی شیڈول کا بھی اعلان کر دیا،2024 اور 2027 میں پاکستان سپر لیگ جنوری اور فروری میں ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے باعث 2025 میں پاکستان سپر لیگ مارچ اور مئی کروائی جائے گی، 2026 میں پی ایس ایل دسمبر اور جنوری میں منعقد ہوگی۔