دہشت گرد اور امریکا مخالف عناصر انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، آئندہ چند ماہ میں بڑے پُر تشدد واقعات جنم لے سکتے ہیں.
امریکا میں پُر تشدد واقعات کے خطرے پر ہوم لینڈ سیکیورٹی نے انتباہ جاری کر دیا، رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ چین، ایران، روس اور دیگر ممالک امریکا کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، غیر ملکی قوتیں امریکا میں سماجی تقسیم کے بیانیے کو فروغ دے رہی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مخالفین امریکا میں اجتماعات، اسکولوں اور اہم تقریبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، میڈیا اور سرکاری املاک بھی دہشت گردوں کے اہداف میں شامل ہیں، انتہا پسند عناصر متحرک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق القاعدہ اور داعش کے حامیوں نے حالیہ خونی واقعات کا جشن منایا تھا، وسط مدتی انتخابات کے دوران بھی انتہا پسندانہ کارروائیوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے امریکا میں 2022 کے پانچ ماہ کے دوران گن وائلنس سے 18 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ ہفتے اسکول ، یونیورسٹی اور اسپتال میں فائرنگ سے 22 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے ایک پرائمری سکول میں فائرنگ کے واقعے میں 19 بچوں سمیت 21 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ایک 18 سالہ مسلح لڑکا سکول کی عمارت میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔