کراچی:(آئی این این) انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی معاشی استحکام کی یقین دہانیوں کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ تیسرے کاروباری روز بھی جاری رہا، انٹر بینک میں ڈالر 46 پیسے کمی کے بعد 238 روپے 38 پیسے پر بند ہوا۔
تین کاروباری روز میں انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 48 پیسے کمی ہوچکی ہے، اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 241 روپے پر ٹریڈ ہوا۔
ادھر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج ملا جلا رجحان رہا، 100 انڈیکس ایک موقع پر 346 پوائنٹس تک بڑھ گیا، تاہم ٹریڈنگ کے اختتام پر 100انڈیکس 115پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 191 پوائنٹس پر بند ہوا۔