کراچی یونیورسٹی حملے کے بعد بھی پاکستان میں کام کرنے والے چینی ملازمین واپس نہیں بلائے گئے لیکن اپنی حفاظت کے لیے ملک کی صلاحیت پر ان کا اعتماد کم دکھائی دیتا ہے۔
نجی اخبارکی رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ چین کا اپنے شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے سیکیورٹی سسٹم پر اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین نے گزشتہ ہفتے چینی سفارت خانے میں سینیٹ کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے گزشتہ ماہ کراچی یونیورسٹی کے احاطے میں وین پر خودکش حملے میں 3 چینیوں کی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا تھا، ڈان سےبات کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعے کے بعد چین کے تاثر سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
کراچی یونیورسٹی حملہ ایک سال میں پاکستانی سرزمین پر چینی شہریوں پر ہونے والا تیسرا دہشت گردانہ حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے چین میں شدید تشویش اور قابل فہم غصہ پیدا کیا ہے، اس کے علاوہ حملوں کا ایک تسلسل ہے اور یہ واضح ہے کہ پاکستان کی جانب سے ‘فول پروف سیکیورٹی’ کے وعدے محض لفاظی ہیں اور جوابی اقدامات سے مماثل نہیں ہیں۔
حفاظتی انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں آرام کرتے ہوئے پکڑی گئی ہیں، اگر ایسے حملے جاری رہے تو نہ صرف چینی بلکہ دیگر غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں اپنے کردار پر نظرثانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اس حملے کے بعد سے بڑی تعداد میں چینی ملازمین کی پاکستان چھوڑنے کی خبریں سوشل میڈیا پر گرم تھیں، چینی ذرائع نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی سے ہفتہ وار پرواز پر پاکستان میں مقیم چینی مزدوروں اور شہریوں کی ایک معمول کی نقل و حرکت تھی جسے کچھ لوگوں نے اخراج کے طور پر پیش کیا، تاہم ذرائع نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے یہاں رہنے والی چینی کمیونٹی کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کہا کہ وہ ویڈیو ٹوئٹ محض بے بنیاد اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دھمکیوں کی وجہ سے ہزاروں چینی کراچی کے ہوائی اڈے سے روانہ ہو رہے ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے بتایا کہ اس حوالے سے جاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ٹوئٹ کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بیجنگ میں ایک میڈیا کانفرنس میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے امید ظاہر کی کہ دہشت گرد قوتوں کی جانب سے دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور تعاون کو نقصان پہنچانے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کرنے، سچ سامنے لانے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو اعتماد میں لینے کے لیے چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے پاکستان کے مضبوط حفاظتی اقدامات کو اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون میں محفوظ اور ہموار پیش رفت کو یقینی بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔