ہندوستانی سپر اسٹار ویرات کوہلی کی خراب کارکردگی کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری سیزن میں اب تک تین مرتبہ بغیر کوئی رن بنا ئے اپنی اننگز کی پہلی گیند کا سامنا کرتے ہوئے ‘گولڈن ڈک’ پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی خبر کے مطابق ممبئی میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے بیٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے بائیں ہاتھ کے اسپنر جگدیشا سچتھ کی گیند کو سیدھے شارٹ مڈ وکٹ پر موجود فیلڈر کے ہاتھوں میں پھینک دیا۔
موجودہ آئی پی ایل میں یہ تیسرا موقع تھا جب ویرات کوہلی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے جس میں گزشتہ ماہ لگاتار دو میچ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہونا بھی شامل تھے۔
33 سالہ اسٹار بلے باز اور سابق ہندوستانی کپتان نے 12 میچوں میں صرف ایک نصف سنچری کی مدد سے صرف 216 رنز بنائے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری سمیت دیگر ماہرین کرکٹ کا خیال ہے کہ کوہلی مسلسل کرکٹ کی وجہ سے “بہت زیادہ تھکاوٹ کا شکار ہیں اور اب انہیں کھیل سے وقفہ لینا چاہیے۔
ویرات کوہلی کی بلے بازی میں خراب کارکردگی اور ان کا آؤٹ فارم ہونا ایسے وقت میں ہے جبکہ وہ ٹی 20 اور ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے کپتان کے عہدے سے دستبردار ہونے اور ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔
ویرات کوہلی کی خراب کارکرگی اور ان کی فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمام طرز کی کرکٹ کے 100 سے زیادہ میچ کھیلنے کے بعد اب تک وہ کوئی سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔