مہنگے شیمپو کا استعمال چھوڑیں اور گھر میں موجود ان اشیاﺀ کو بطور شیمپو استعمال کریں اور بالوں کو لمبا اور صحتمند بنائيں۔
شیمپو کا ہر روز بالوں میں استعمال فائدے کے بجائے نقصان کا سبب ہو سکتا ہے ۔
بالوں کو شیمپو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کچھ قدرتی چیزوں سے بال دھو کر بچایا جا سکتا ہے جن سے بال بھی صحت مند اور صاف رہتے ہیں اور خرچے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
1: کھانے کا سوڈا
ایک چمچ کھانے کے سوڈے کو ایک پیالی پانی میں ملا لیں اور اس کو خالی شیمپو کی بوتل میں ڈال لیں اور نہاتے وقت بالوں کو اچھی طرح گیلا کر لیں، اس کے بعد شیمپو کی طرح اس کی کچھ مقدار بالوں میں لگا لیں اور اس کو دھو لیں یہ بالوں میں سے گند کو اور مردہ خلیات کو نکال کر صاف کر دے گا اور اس کے مضر اثرات بھی نہیں ہوں گے۔
اس کے علاوہ یہ کھوپڑی پر جمی ہوئی فاضل چکنائی کی تہہ کو بھی اتار دیتا ہے۔
2: سیب کا سرکہ:
ایک چمچ سیب کے سرکے کو ایک پیالی پانی میں اچھی طرح ملا لیں اور خالی بوتل میں ڈال لیں اور نہاتے ہوئے شیمپو کی جگہ استعمال کریں اس کے سبب بال ٹوٹنے کی رفتار میں کمی واقع ہوتی ہے اور یہ بالوں کو نرم ، چمکدار بناتا ہے اور بالوں کی رنگت کو بہتر بناتا ہے۔
3: انڈہ
ایک انڈہ توڑ کر اس کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور بالوں کو گیلا کر کے اس انڈے کا مساج اچھی طرح بالوں پر کر لیں اور پانچ منٹ تک اس کو بالوں پر لگا رہنے دیں۔
اس کے بعد تازہ پانی سے اس کو اچھی طرح دھو لیں یہ خشک ہونے والے بالوں کے لیے ایک کنڈیشنر کے طور پر کام کرے گا اور اس سے بال چمکدار اور صحت مند ہو جائيں گے۔
4: ایلو ویرا
ایلوویرا کے جل کو جو کہ شفاف ہوتا ہے اس کو اچھی طرح بالوں پر نہانے سے قبل مساج کر لیں اور اس کو آدھے گھنٹے تک لگا رہنے دیں.
اس جل کے اندر اینٹی بیکٹیریل اجزا موجود ہوتے ہیں جو کہ کھوپڑی پر موجود بیکٹیریا کا خاتمہ کرتا ہے.
اس کے علاوہ خشکی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے یہ بالوں کو نمی فراہم کر کے فاضل چکنائی کا خاتمہ کرتا ہے اور ان کی نشونما میں اضافہ کرتا ہے آدھے گھنٹے کے بعد بالوں کو سادہ پانی سے دھو لیں۔
5: لیموں
ایک چمچ لیموں کو دو پیالی پانی میں ملا لیں اور اس کو اچھی طرح مکس کر لیں اس کے بعد اس کو نہانے سے قبل سر پر لگا لیں اور چند منٹ کے بعد دھو لیں یہ بالوں کو نہ صرف صاف کرتا ہے بلکہ سر کی کھوپڑی پر پیدا ہونے والی خشکی کا بھی خاتمہ کرتا ہے اور قدرتی طور پر بالوں کو جراثیم سے پاک کر کے ان کو ہلکا پھلکا کر دیتا ہے۔
6: میتھی کے دانے
میتھی دانوں کو رات بھر پانی میں بھگو دیں اور اس کے بعد ان کو پیس لیں اس پیسٹ کو سر کے بالوں پر اچھی طرح مساج کریں اور بیس منٹ تک لگا رہنے دیں۔
اس کے بعد اس کو تازہ پانی سے دھو لیں یہ بالوں کی صفائی اور صحت کے لیے بہت بہترین ہوتے ہیں اس سے ایک جانب تو بال لمبے اور چمکدار ہوتے ہیں خشکی کا بھی خاتمہ ہوتا ہے اور بال لمبے ہوتے ہیں۔