معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرینگے: عمران خان

اسلام آباد: (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرینگے، ملک کو معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد رستہ صاف شفاف فوری انتخابات ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر سیاسی قیادت اور معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور ابتر معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں سیاسی اور معاشی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی گئی، کمیٹی آئندہ چند روز میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی معاشی قیمت کے متعلق آگاہ کرے گی جبکہ کمیٹی موجودہ معاشی بحران اور اس سے نکلنے کا جامع طریقہ کار بھی تجویز کرے گی۔

قائم کی گئی کمیٹی غریب اور نادار طبقہ کو معیشت کے بدترین اثرات سے بچانے اور ان کی امداد کے طریقہ کار بھی تجویز کرے گی، توانائی، صنعت، سماجی بہبود، تجارت، زراعت سمیت دیگر 17 شعبوں کے ماہرین سے خدمات لے گی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھی بھلی مستحکم اور ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا،ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے بغیر تیاری کے نااہل اور نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا، دیوالیہ پن کے کنارے پر کھڑی معیشت کو ساڑھے 3 برس میں استحکام کی دہلیز پر لانے کے لئے کی جانے والی محنت کو ہفتوں میں برباد کر دیا گیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج عوام کا بڑا حصہ بدترین مہنگائی، بجلی کی ہوشربا قیمتوں اور معیشت کی سست روی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے، تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی ،ملک کو معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد رستہ صاف شفاف فوری انتخابات ہے۔

دوسری طرف اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ کرائم منسٹر کیجانب سےآرمی چیف کی تعیناتی اور دیگرریاستی معاملات پر عدالت سےسزا یافتہ نوازشریف سےمشاورت اور وزراء کےبیانات کہ وہ نوازشریف سے مشاورت کے بعد آرمی چیف مقرر کریں گے،سب آفیشل سیکرٹ ایکٹ (سیکشن 5:1) ہی کی خلاف ورزی نہیں بلکہ انکےعہدوں کےحلف سےبھی مکمل انحراف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں