اسلام آباد: (آئی این این) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں جنہیں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کردیا ہے، پاکستانیوں نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ایک بار پھر آگے آئیں اور سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کی امدادی کوششوں میں مدد کے لیے دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ تمام حکومتیں، ادارے ، این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں ، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیاءعطیہ کرنے کی ترغیب دے۔ تاریخی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے، سڑکیں، پل، بند ، مواصلاتی نظام اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
صدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور درکار مشینری فراہم کرے ، ماضی کی طرح قوم ایک بار پھر سیلاب متاثرین کی مدد کو آئے گی اور وہ مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ سیلاب متاثرین کو بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے، قوم ایک بار پھر امدادی کوششوں میں دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالے۔
صدر مملکت نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ متاثرہ افراد کو ان کی زندگیوں کی تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے قوم کو حکومت کی طرف سے شناخت شدہ ضروری اشیاء کو منظم اور نظم و ضبط کے ساتھ حکومت کے قائم کردہ یا توثیق شدہ رسمی چینلز کے ذریعے عطیہ کرنے کی ترغیب دیں جس میں ریڈی میڈ فوڈ پیکٹ، غذائیت سے بھرپور اور گرم کھانے کے ساتھ ساتھ چاول کے علاوہ دال، نمک، تیل اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاءبشمول ماچس کے ڈبے، موم بتی کے پیکٹ، مٹی کا تیل، سولر لیمپ، پولی تھین کی چادریں، گرائونڈ شیٹس، فرشی میٹ، ترپال، مچھر دانی اور کمبل وغیرہ شامل ہوں۔