قطر کے بعد سعودی عرب بھی پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار

اسلام آباد: (آئی این این) قطر کی جانب سے تین ارب ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سعودی عرب نے بھی ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروا دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


ٹیلیفونک رابطے کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس پر بلاول بھٹو نے سعودی ہم منصب سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔

بلاول نے بدترین سیلابی صورتحال کے حوالے سے اظہار یکجہتی پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

قطری اخبار کے مطابق امیری دیوان نے تفصیل بتائے بغیرکہا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش کااعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں