عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی، آرمی چیف

لاہور: (آئی این این) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون/ شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سماتھا پاور نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

سمانتھا پاور نے عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بازیابی اور بحالی میں اہم ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں